ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزی حکومت کسانوں کے قرضے معاف کرے : سدرامیا

مرکزی حکومت کسانوں کے قرضے معاف کرے : سدرامیا

Fri, 30 Jun 2017 14:49:10    S.O. News Service

بنگلورو،29؍جون(ایس او نیوز) و زیر اعلیٰ سدرامیا نے مرکزی حکومت کو چیلنج کیا کہ جس طرح ریاستی حکومت نے تمام پارٹیوں کی مانگ کے مطابق کوآپریٹیو اداروں سے کسانوں کی طرف سے لئے گئے قرضے معاف کردئے ہیں اسی طرح تجارتی اور قومی بینکوں سے کسانوں نے جو قرضہ حاصل کئے ہیں انہیں معاف کرنے کا اعلان کرے اور رعیت طبقے کے تئیں اپنی حقیقی ہمدردی کا اظہار کرے۔ آج کوپل میں ایک تقریب کیلئے آمد کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ مرکزی حکومت اگر واقعی کسانوں سے ہمدردی رکھتی ہے تو قومی بینکوں سے لئے گئے قرضے معاف کرنے کا اعلان کرے ۔ویسے بھی مرکزی حکومت نے پہلے ہی واضح کردیا ہے کہ کسان طبقے کے تئیں کوئی ہمدردی نہیں ہے۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا یہ بیان ا س بات کا مظہر ہے کہ کسانوں کے قرضے معاف کرنے سے بینکوں کی منفعت اور صحت متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ارون جیٹلی کے اس بیان پر ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کو اپنا ردعمل ظاہر کرنا چاہئے۔ غیر ضروری طور پر وہ جھوٹی بہانے بازی کرکے عوام کو گمراہ کرنے میں لگے ہوئے تھے۔ اب جبکہ ریاستی حکومت نے کسانوں کے قرضے معاف کردئے ہیں تو یڈیورپا خود بتادیں کہ کسانوں کی دشمن کونسی حکومت ہے۔ سدرامیا کی یا مودی کی؟۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اب تک یڈیورپا ریاست بھر میں یہی ڈھنڈورا پیٹ رہے تھے کہ کسانوں کے قرضہ جات کیلئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے۔ اب ریاست نے اپنی ذمہ داری 50ہزار روپیوں تک کے قرضے معاف کرکے نبھالی ہے، لیکن اب بھی کسانوں پر 42 ہزار کروڑ روپیوں کے قرضوں کا بوجھ ہے۔ اس بوجھ کو صرف مرکزی حکومت ہلکاکرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی بینکوں کے قرضے مجموعی قرضوں میں 80 فیصد سے زائد ہیں ، ریاست میں بھی 60 فیصد سے زائد کسانوں نے قومی بینکوں سے قرضے حاصل کئے ہیں، لیکن ان کی مدد کیلئے مودی حکومت کی طرف سے انکاران کسانوں کے تئیں اس حکومت کے رویہ کا مظہر ہے۔ دو دن بعد سے ملک بھر میں جی ایس ٹی ٹیکس نظام لاگو کئے جانے کے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس نظام سے ریاست کو تھوڑی بہت تکلیف ضرور ہوگی، ریاست کی آمدنی میں اس ٹیکس کی وجہ سے جو قلت ہوگی مرکزی حکومت نے اسے برداشت کرنے کا تیقن دیاہے۔ اس تیقن کے مطابق مرکزکوعمل بھی کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ 30 جون کی آدھی رات کو جی ایس ٹی ملک بھر میں لاگو کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیاجارہاہے۔اس تقریب میں بشمول وہ کانگریس کا کوئی بھی نمائندہ شریک نہیں ہوگا۔ ریاستی کابینہ میں توسیع کے متعلق ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ اب تک انہوں نے اس معاملے پر پارٹی اعلیٰ کمان سے بات چیت نہیں کی ہے ، مناسب وقت پر اس سلسلے میں بات چیت کی جائے گی ۔


Share: